کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان میں سے ایک اور کپتان کے پرانے ساتھی سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا۔
اپنی رہائی کے بعد کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے استعفا دیتے ہوئے کہا خان صاحب اور پی ٹی آئی کو اللہ حافظ کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کہا کہ آج میری آخری سیاسی پریس کانفرنس ہے۔ میں تحریک انصاف کے بانی ارکان میں سے ایک ہوں اور ان لوگوں کو سوچنا چاہیے جو عمران خان کے ارد گرد ہیں اور انہیں ہدایت اور مشورے دیتے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو ہونے والے واقعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ پرتشدد واقعات، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کو سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک تحقیقات میں یہ ثابت نہیں ہوا کہ کون ملوث ہے۔
عمران اسماعیل نے پریس کانفرنس میں پارٹی کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میری سیاست ختم یا نہ ختم ہونے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار سابق گورنر سندھ اور رہنما پی ٹی آئی عمران اسماعیل کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرکے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔