کراچی: قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے امریکی جیل میں ملنے کے لیے ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سینیٹر مشتاق احمد خان کے ہمراہ کراچی سے روانہ ہو گئیں۔
ڈاکٹر عافیہ کیس کے وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ بھی برطانیہ سے دبئی آ کر ”عافیہ رہائی قافلے” میں شامل ہوکر امریکہ جانے کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میں 20سال کے طویل، صبر آزما عرصہ اور ہزاروں میل کا سفر طے کرکے اپنی بے گناہ بہن سے ملنے جارہی ہوں اس لیے یہ ملاقات شیشے کی دیوار کے آر پار والی نہیں ہونی چاہئے۔ میں امید کرتی ہوں کہ ہم دونوں بہنوں کو گلے ملنے اور آزادی کے ساتھ حال و احوال دریافت کرنے اور بیان کرنے کی اجازت حاصل ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں سب سے مشکل مرحلہ والدہ عصمت صدیقی کی وفات کا اطلاع دینا ہوگا۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ دعا کریں عافیہ سے ملنے کے لئے جیل کا کھلنے والا دروازہ، عافیہ کی رہائی کے لیے کھل جائے۔ ہم جس مقصد کے حصول کے لیے جارہے ہیں اللہ تعالیٰ اس میں کامیابی عطا فرمادے، وہ ”کن” کہہ دے اور” فیکون” ہوجائے۔
انہوں نے کہا میں قوم کو تمام تر صورتحال سے گاہے بگاہے آگاہ کرتی رہوں گی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور انہیں وطن واپس لانے کی طویل ترین کوششوںکا یہ انتہائی اہم مرحلہ ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ ہمہ پہلو کامیابی کے لیے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عافیہ کی جلد از جلد رہائی اور پاکستان واپس آنے کے اسباب پیدا فرما دے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر عافیہ سے ملنے کراچی سے امریکہ سفر کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ تمام مراحل بخیروخوبی انجام پا گئے ہیں مگر اس سفر کو روکنے کے لیے ڈاکٹر عافیہ کے اہلخانہ کو نامعلوم ذرائع سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں جو کہ انتہائی شرمناک اور باعث تشویش ہیں۔
انہوں کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ان کے اہلخانہ کی سیکوریٹی کوہر ممکن طریقے سے یقینی بنائے۔ ڈاکٹر عافیہ کیس کے وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ نے کہا کہ ہم اس وقت عافیہ سے ملنے کے لیے سفر میں ہیں اور امید ہے ہمارا یہ سفرعافیہ کی آزادی کے لیے کامیابی سے ہمکنار ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عافیہ کی آزادی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اگرچہ انصاف کا پہیہ دھیرے دھیرے چلتا ہے مگریہ انصاف تک پہنچا دیتا ہے۔ کلائیو اسمتھ نے کہا کہ واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی صبرآزما جدوجہد ہوگی۔