ریاض :سعودی عرب اورامریکا نے سوڈان کے متحارب فریقوں پرزوردیا ہے کہ وہ عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کریں۔
انھوں نے سوڈان میں متحارب فریقوں کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں کی اطلاعات کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا اور اس میں متحارب فریقوں کو تنبیہ کی گئی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور امریکا نے کہا کہ معاہدے کے نفاذ سے پہلے اور 48 گھنٹوں کے دوران میں سوڈان کا کوئی بھی فریق مکمل طور پر جنگ بندی پر کاربند نہیں رہا ہے۔
اگرچہ خرطوم میں لڑائی حالیہ دنوں کے مقابلے میں کم شدید دکھائی دیتی ہے ، لیکن سہولت کاروں نے دونوں فریقوں کو ان رپورٹس سے آگاہ کیا کہ انھوں نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں خرطوم اور العبید میں مبینہ جارحانہ کارروائیاں، فضائی حملے اور توپ خانے کا استعمال شامل ہے۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں گذشتہ ہفتے سوڈانی فوج اور نیم فوجی ملیشیا سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان قلیل مدتی جنگ بندی اور انسانی انتظامات سے متعلق سات روزہ معاہدے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ ملک میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے سعودی عرب اور امریکا کی قیادت میں تازہ کوشش تھی۔