اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ میں سودی معیشت کے خاتمے کا اعلان کرے اور اشیائے خورونوش، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں واضح کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ مسائل کا حل شفاف قومی انتخابات میں ہے، عوام کو فیصلے کا اختیار دینا ہو گا۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جی 20ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس ناکامی سے دوچار ہوا، بھارت نے خوف اور دہشت کے سائے میں اجلاس منعقد کیا، چین، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کی جانب سے اجلاس کے بائیکاٹ پر کشمیری اور پاکستانی قوم شکریہ ادا کرتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر مکمل پابندی عائد کر کے ٹورازم گروپ کی میٹنگ کی جس میں شامل اکثریتی وفود بھی اعلیٰ سطحی نہیں تھے۔ حکومت پاکستان اس اجلاس کے جواب میں جی 20 ممالک اور او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کر کے کشمیریوں کا مقدمہ ان کے سامنے رکھے۔
انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کاز کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے، پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ نکالے، انھیں حکومت میں آئے ایک سال سے زائد گزر گیا، اس عرصہ میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ ہوا، مگر اب یہ مہنگائی کا نام تک نہیں لیتے۔ وزیراعظم کو یاددلانا چاہتا ہوں کہ انھوں نے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کروں تو نام بدل دینا، ان کے دعوے کو عرصہ بیت گیا، لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
امیر جماعت کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے حقیقی تبدیلی کا نعرہ لگا کر تباہی مچائی، تحریک انصاف کے ورکرز کو کہنا چاہتا ہوں کہ حقیقی تبدیلی اسلامی نظام سے آئے گی اور وہ اس نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔