راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی کٹھ پتلیوں کی کوئی حیثیت نہیں ،بِکنے والوں کی منڈیاں لگی ہیں، جب جج یہ کہتے ہیں آپکو پریس کانفرنس کے بغیر نہیں چھوڑیں گے اورٹوئٹ ڈیلیٹ کریں دنیا کو سمجھ آجاتی ہے کہ پردے کے پیچھے کیا ہورہاہے ،چیف جسٹس صاحب نے کہا ہے وہ اللہ کی رضاکے لئے کام کررہے ہیں، اللہ کی رضامخلوق خداکی دادرسی میں بھی ہے ،جشن منانے والے سن لیں ایک ماہ میں ان پر بھی وقت آنے والا ہے۔ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے جمعرات کے روزٹوئٹرپر جاری اپنے بیان میں کیا۔
شیخ رشیداحمد نے کہا کہ کسی کے آنے اور جانے سے سیاست کی صحت پہ کوئی اثر نہیں پڑتا فیصلے وہی کر رہے ہیں جو ہمیشہ سے کرتے آ رہے ہیں سیاسی کٹھ پتلیوں کی کوئی حیثیت نہیں ،بِکنے والوں کی منڈیاں لگی ہیں لوگوں کوصرف کیمروں کے آگے سے گزرا جارہا ہے، لوگوں کے انگوٹھے کاٹ دیں پھر بھی موجودہ حکومت کوووٹ نہیں پڑیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہوں نے ایک مرتبہ سپریم کورٹ پر حملہ کیا دوسری مرتبہ گھیرا ئوکیا جو لوگ پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں ان میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جوپہلی بارپارٹی چھوڑ رہاہو جہاں جہاں نظریہ ضرورت جائیگاوہاں وہاں یہ جائیں گے میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ مسئلہ اقتصادی ہے، غربت ہے، مہنگائی اور بیر روزگاری ہے۔