عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کیس کا حساب دیں،  عطاتارڑ

345

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہن عظمی اور بہنوئی احد نے لیہ میں 5 ہزار 216 کنال اراضی 13 کروڑ روپے میں خریدی جبکہ اس کی مالیت 60 ارب روپے بنتی ہے، عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں بھی بدعنوانی میں ملوث ہے، انہیں اس کا حساب دینا پڑے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ  کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کے وقت عمران خان کی تینوں بہنیں بھی وہاں موجود تھیں، اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں پاک فوج کے جوان اہم کردار ادا کر رہے ہیں، دنیا میں آج پاکستان کی عزت کی جاتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کو کرپشن پر کلین چٹ دی گئی، اب عمران خان کی دوسری ہمشیرہ عظمی خان کی لوٹ مار کا معاملہ سامنے آیا ہے، انہوں نے 5 ہزار 216 کنال اراضی کے جعلی کاغذات بنائے، غریب ہاری سے زمین چھینی گئی، انہوں نے اراضی کم قیمت پر خریدی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان نے اپنی بہن اور بہنوئی کو فرضی زمین خریدنے کی اجازت دی، بھکر سے سولر پمپس لا کر یہاں لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشری مانیکا نے اربوں روپے کرپشن سے کمائے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ باہر سے پاکستان پیسے لائے ہیں، اگر یہ پیسہ آیا ہے تو کہاں ہے، 190 ملین پائونڈ کہاں گئے، کیا یہ پراپرٹی ٹائیکون کا قرضہ ادا کرنے کیلئے دیا گیا، یہ پاکستان کے عوام کا پیسہ ہے۔