آج کل پریس کانفرنس نہیں پریشر کانفرنس ہو رہی ہیں، شیخ رشید

378

 راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ معاشی، اقتصادی اور سیاسی تباہی کا ملبہ موجودہ نا اہل حکومت پر گرنا چاہیے کسی اور پر نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آج کل پریس کانفرنس نہیں پریشر کانفرنس ہو رہی ہیں، دو تین مہینے جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آجاتی، جیل سے رہائی تحریری سیاسی توبہ کے مرہون منت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ ٹکا ٹوکری ہو گیا ہے، معلوم نہیں ڈالر کہاں پر رکے گا، مسئلہ اقتصادی ہے، سازش کے تحت سیاسی بنا دیا گیا ہے تاکہ مصنوعی بجٹ پیش کیا جا سکے۔

 شیخ رشید نے کہا کہ اگر عدلیہ بھی آبدیدہ اور بے بس ہوگئی تو پھر ملک کا اللہ ہی وارث ہے، ساری قوم 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور ملزموں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی لیکن چادر چار دیواری اور خواتین کا احترام ضروری ہے۔

 سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہوچکا ہے، اگر نہیں ہوا تو 15 جون تک ہو جائے گا، اب سلیکشن ختم اور الیکشن ہونے چاہئیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کلاشنکوف کے جھوٹے مقدمے میں 7 سال قید کاٹی، کڑیاں والا قتل اور 2 مرتبہ ختم نبوت میں بھی سسرال گیا ہوں اور اب پھر جانے کو تیار ہوں، جب تک گرفتار نہیں ہوتا روزانہ ٹوئٹ جاری رہے گی۔