اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو دو مقدمات میں دو دن گرفتاری سے روک دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسد عمر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی گئی۔ دیگر کیسز میں حفاظتی ضمانت اور مقدمات کے ریکارڈ کے حوالے سے دائر متفرق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے اب تک اسد عمر کے خلاف 18 مقدمات درج کیے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اسد عمر کو پیش کرنے کا حکم دے ۔ اسد عمر 3 ایم پی او کے تحت گرفتار ہیں۔عدالت اسد عمر کو عدالتی احکامات کے بغیر کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسد عمر کو 2 مقدمات میں 2 دن گرفتاری سے روک دیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنے احکامات میں اسد عمر کو تھانہ مارگلہ اور تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں گرفتاری سے روکا۔