عوام میں غم و غصے کا لاوا پھٹنے کو ہے، سراج الحق

267
problems

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام میں غم و غصے کا لاوا پک رہا ہے جو عنقریب پھٹنے کو ہے۔

ملکی صورت حال کے حوالے سے اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ  پی ڈی ایم، پی ٹی آئی حکومتیں این آر او کی پیداور ہیں اور یہی جماعتیں  موجودہ صورتحال کی ذمے دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  عوامی نمائندے بیٹھ کر ملکی مسائل کا حل نکالنے میں سنجیدہ نہیں۔  معیشت تباہ اور  مہنگائی و  بے روزگاری کی تباہی سے مڈل کلاس ختم ہوگئی ہے۔  غریب اور امیر کا گیپ خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔  عدالتیں عام آدمی کے لیے بند اور  اشرافیہ کے لیے کھلی ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھ اکہ  عوام میں غم و غصے کا لاوا پک رہا ہے جو پھٹنے کے قریب ہے۔  دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ ملک کا کوئی بڑا شہر محفوظ نہیں ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے بامعنی سیاست کرتی ہے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی سپریم کورٹ کے حکم پررہائی پر اہل گوادر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوادر کے عوام کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے۔