9 مئی کے حقیقی مجرموں کو سزا دیں، بے گناہوں کو رہا کیا جائے ، شیخ رشید

459

راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حقیقی سازشی مجرموں کو سزا دیں اور بے گناہ معصوموں کو رہا کیاجائے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ لوگ اس طرح پارٹی بدل رہے ہیں جیسے بلو کے گھر جا رہے ہیں، بزدل عدت کے دن بھی پورے نہیں کرتے، پارٹی چھوڑنے میں بھی میراتھن ریس لگی ہے، یہ جس پارٹی میں جائیں گے وہ پارٹی بھی ڈوب جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر دور میں ضرورت مندوں، مفاد پرستوں کی پارٹی بنائی جاتی ہے اس لئے جمہوریت ناکام ہوتی ہے اور کوئی حکومت 5 سال پورے نہیں کرتی، وزیراعظم دن میں 3 بار بے کار خطاب کر رہے ہیں، حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کو چھو سکتی ہے، ان کی کارکردگی آئی ایم ایف سے چھٹی، ڈالر 307 روپے کا، دوستوں سے تنہائی، معاشی تنزلی، اقتصادی تباہی اور سیاسی بحران ہے، غریب کے پاس قبر کے پیسے نہیں، وہ اللہ کے بعد سپریم کورٹ کی جانب دیکھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی نہ کوئی بات، نہ اوقات، نہ معاملات اور نہ حالات ہیں، ملک میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، یہ حکومت ملک چلانے میں ناکام ہو چکی ہے، گروتھ منفی ہوگئی، قومی اسمبلی میں بِکنے اور بکنے والوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے۔