تہران:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ انڈونیشیا کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) طے پاگیا ہے۔
ایرانی صدر کے دفتر کی ویب سائٹ پر شائع ایک بیان میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے تعاون کے ان 11 معاہدوں میں سے ایک ہے جن پر دونوں ممالک کے سینئر حکام نے دستخط کیے ، دیگر میں توانائی، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ویزوں اور ادویات کی پیداوار سے متعلق ضوابط کے معاہدے شامل ہیں۔
اپنے انڈونیشیائی ہم منصب جوکو ویدودو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رئیسی نے کہا کہ ایران اور انڈونیشیا دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے متنوع صلاحیتوں کے حامل ہیں اور امید ہے کہ ان کے دورہ جکارتہ سے اس سلسلے میں تعمیری اثرات مرتب ہوں گے۔
ویدودو نے دستخطوں کی تقریب کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ پی ٹی اے سے انڈونیشیا اور ایران کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔