مودی اصل دہشت گردہے جو بھارت کا چہرہ دنیا کو دکھاتا رہے گا، بلاول بھٹو

298
terrorist

باغ: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی اصل دہشت گرد ہے، بھارت کا چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، ہم دہشت گردوں کی نہیں، شہیدوں کی نمائندگی کرتے ہیں، کشمیر کے معاملے پر تمام جماعتیں یک زبان ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گرد وہ ہیں جنہوں نے گجرات میں قتل عام کیا، مودی سرکار خطے کے امن میں اصل رکاوٹ ہے، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔یہ بات انہوں نے باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ باغ کے شہریوں کا شکر گزار ہوں، باغ کا جوش و جذبہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ایک طرف مودی مقبوضہ کشمیر میں ڈرامہ کر رہا ہے، آزاد کشمیر کے عوام احتجاج کر رہے ہیں، باغ کے عوام نے مودی کی جی 20 کانفرنس کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ہمیں کہا جاتا ہے کیوں بار بار کشمیر کا نام لیتے ہیں، ہمارا کشمیریوں کے ساتھ نسلوں کا ساتھ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ پاکستان کے اندرونی مسائل وقتی ہیں، جب ہم پاکستان میں موجود ہیں تو سیاسی جماعتوں سے اختلاف ہو سکتا ہے، جب ملک سے باہرجاتا ہوں تو آپ سب کی نمائندگی کرتا ہوں، بھارتی حکمران جماعت تمام مسلمانوں کو دہشت گرد سمجھتی ہے، ہم دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرتے رہیں گے۔ جب مودی کو میں قاتل اور قصائی کہتا ہوں تو بھارت رونا شروع کر دیتا ہے، اصل میں بھارت کو پہلے کسی وزیر خارجہ نے آئینہ نہیں دکھایا تھا، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل دہشت گرد بھارت ہے، ہم اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھتے رہیں گے، دنیا تسلیم کر چکی کشمیر عالمی مسئلہ ہے، پاکستان دہشت گرد نہیں امن پسند ملک ہے، دہشت گرد وہ ہے جو سمجھوتہ ایکسپریس، گجرات میں دہشت گردی کرتے ہیں، دہشت گرد تنظیمیں وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کر دیا ہے، بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے۔ آدھا مقبوضہ کشمیر جیل بن چکا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کرائے تاکہ کشمیری عوام اپنے فیصلے خود کریں، کشمیریوں کی جدوجہد بھارت کو مجبور کرے گی، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام رائے شماری کا ہتھیار استعمال کر کے آزادی حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ اگربھارت سپرپاور، جمہوری ملک ہے تو رائے شماری سے کیوں ڈرتا ہے، 70 سال ہو چکے ہیں بھارت کیوں بھاگ رہا ہے، ہمارا ایک ہی نعرہ “رائے شماری”ہے۔