کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز کے دوسرے مرحلے کا آغاز

463

کوئٹہ: 34 ویں نیشنل گیمز میں دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوگیا ہے۔ مجموعی طور پر 414 تمغوں کا فیصلہ ہوگیا، پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست دفاعی چیمپئین پاکستان آرمی  نے اپنے میڈلز کی تعداد 111 کرلی جن میں 65 گولڈ، 38 سلور اور 23 برانز میڈلز شامل ہیں۔

پاکستان واپڈا نے مجموعی طور پر  24 گولڈ، 29 سلور اور 26 برانز میڈلز سے تقویت پاتے ہوئے 79 میڈلز جیت کر دوسری پوزیشن برقرار رکھی جب کہ  تیسرے نمبر پر موجود  پاکستان نیوی کے میڈلز کی تعداد 78 ہوگئی ، ان میں 25 گولڈ، 24 سلور اور 29 برانز میڈلز شامل ہیں۔

منگل کے روز جوڈو کے مقا بلوں میں آرمی نے 3 گولڈ اور ایک سلور میڈل پر ہاتھ صاف کیا۔واپڈا نے ایک سلور اور ایک برانز میڈل جیتا جب کہ  واپڈا نے 2 سلور میڈلز حاصل کیے۔نیوی ایک سلور اور بلوچستان 2 برانز میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔جوڈو کی اوپن کیٹگری میں  آرمی کے شاہ حسین شاہ اول،  ایچ ای سی کے  ابو ذر دوئم اور  ریلویز کے فاروق عمر سوئم رہے۔

ویمن اوپن کیٹیگری ایونٹ میں سابق ساؤتھ ایشین  گولڈ میڈلسٹ پاکستان واپڈا کی فوزیہ یاسر فاتح رہیں اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔آرمی کی اسما رانی  نے سلور جب کہ  پولیس کی عاصمہ  اور بلوچستان کی عائشہ نے برانز میڈل حاصل کیا۔خواتین کے 40 کلو گرام ایونٹ میں  آرمی نے  نسیمہ نے گولڈ،  ایچ ای سی کی مشعل نے سلور اور  بوچستان کی علینہ نے برانز میڈل جیت لیا۔

مردوں کے 50 کلو گرام میں آرمی  کے  حمزہ عاشق نے  گولڈ،  نیوی کے فہیم نے سلور ،  پنجاب کے مقبول اور واپڈا کے  وجے نے  برانز میڈل  جیتا، دوسری طرف آرمی،  واپڈا، پی اے ایف اور خیبر پختون خواہ نے   ٹینس  میں مینز ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی پالی، ویمنز ٹیم ایونٹ میں  واپڈا، آرمی، اسلام آباد  اور بلوچستان نے سیمی فائنل کے لیے راہ ہموار کرلی۔

اسکواش  مینز ٹیم ایونٹ میں آرمی ،  سندھ، پنجاب اور ایچ ای سی نے فتوحات سمیٹیں جب کہ  ویمنز ٹیم ایونٹ میں  آرمی،  سندھ، پنجاب اور واپڈا کو کامیابی حاصل ہوئی۔