آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان میں رہتے ہوئے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف نے مادر وطن کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کو یوم سیاہ 9 مئی واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی گی۔ دریں اثنا آرمی چیف نے 9 مئی کے واقعات میں متاثرہ جناح ہاؤس کا دورہ بھی کیا۔ آرمی چیف نے لاہور مظاہروں میں عسکری تنصیبات کو پہنچنے والے مقام کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کور ہیڈ کوارٹرز میں افسران اور جوانوں سے خطاب کیا۔
آرمی چیف نے 9 مئی واقعات کے منصوبہ سازوں اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ 9 مئی واقعات کے منصوبہ سازوں، ملوث افراد کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کاآغاز کردیا ہے۔ آئین پاکستان میں رہتے ہوئے 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی کی طاقت پاکستانی عوام ہیں۔ پاک فوج اور عوام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش ریاست پاکستان کے خلاف جرم ہے۔ ریاست پاکستان کے خلاف جرم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملک دشمن عناصر نے فیک نیوز پراپیگنڈا کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پاکستانی قوم کی مددسے دشمن کے ہر طرح کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سروسز اسپتال کا دورہ بھی کیا اور پرتشدد مظاہروں میں زخمی ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی عیادت کی۔ واضح رہے کہ ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کو سیاسی شرانگیزوں نے زخمی کیا تھا۔ آرمی چیف نے لاہور قربان لینز کا دورہ کیا اور پولیس افسران سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پرتشدد مظاہروں میں پولیس کی تربیت اور صبر کو سراہا۔ آرمی چیف نے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور انٹیلیجنس شئیرنگ کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں آرمی چیف کی لاہور آمد پر کورکمانڈر لاہور نے استقبال کیا۔