جناح ہاﺅس حملے سےملک کی بدنامی ہوئی، سخت مذمت کرتا ہوں،عمران خان

478

لاہور:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ور سابق وزیراعظم عمران خان نے زمان پارک میں دہشتگردوں کی موجودگی کے الزام کو بے بنیاد قرار دےتے ہوئے کہا ہے کہ جناح ہاﺅس حملے کی مذمت کرتا ہوں، پہلے بھی کی اور ہر پاکستانی مذمت کر رہا ہے، جو کچھ ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا، میڈیا کو اپنا گھر کھول کر دکھا دیا، دہشت گردوں کے ٹھہرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، آخری گیند تک لڑنے والا کپتان ہوں آخری گیند تک لڑوں گا۔

جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے صرف ملک کی بدنامی ہوئی، خوف کی فضا میں ملک نہیں چل سکتا، سات ہزار لوگوں کو گرفتار کر کے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ہے، مشرف کے دور میں اس طرح نہیں ہوا تھا، ضیا کے دور کا علم نہیں مگر اتنا بڑا کریک ڈاﺅن پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی حقوق ختم ہو کر رہ گئے ہیں، اب عدلیہ ہی ہے جو بنیادی حقوق کا تحفظ کر رہی ہے، جس جماعت کا ووٹ بینک ہو اسے ہرایا نہیں جاسکتا، اتنا ووٹ بینک رکھنے والی جماعت میں کسی کے آنے جانے سے جماعت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، یکطرفہ مذاکرات نہیں ہوسکتے ہم تو 11ماہ سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔