لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان نے زمان پارک میں آپریشن کیلئے شرائط عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کیواقعات میں ملوث شرپسند عناصر کی گرفتاری کیلئے مذاکرات کے سلسلے میں حکومتی ٹیم عمران خان سے ملاقات کے بعد واپسی روانہ ہوگئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کیلئے جانیوالی حکومتی ٹیم میں کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا،ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ڈی آئی جی ، اوردیگر حکام شامل تھے۔
حکومتی ٹیم نے مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو2200 دہشت گردوں کے بارے بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور دہشت گردوں سے متعلق تمام شواہد زمان پارک انتظامیہ کے حوالے کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ فرارہوتے متعدد دہشت گردوں کویہاں سے پکڑا گیا، اورمتعدد شرپسندوں کو یہاں سے بھگایا گیا ہے۔
تاہم عمران خان کی جانب سے پولیس اور انتظامیہ کوزمان پارک میں سرچ آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ عمران خان نے سرچ آپریشن کے لیے شرائط رکھ دیں۔
اس دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی لیگل ٹیم بھی زمان پارک میں موجود تھی،لیگل ٹیم پولیس سرچ وارنٹ دیکھ کر گھر کی تلاشی کی اجازت دے گی۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں رینجرز کی معاونت سے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج شروع کر دیاتھا۔