لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نوے ارب کی چوری کرنے والے شخص نے اپنے کرتوت چھپانے کے لیے کارکنوں کو تخریب کار فورس کے طور پر تیار کیا۔
اپنے ایک بیان میں سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور کی خواہشوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی دراصل نوجوان اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی سازش کی منصوبہ بندی پہلے سے تیار تھی، جس کے تحت نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھرا گیا اور پھر مٹھی بھر مسلح جتھوں کو ملک پر حملوں کے لیے استعمال کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، صحت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت ہی پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ ہیں، ہم کسی بھی نوجوان کو شرپسند، فتنہ پرور اور سیاسی ٹھگ کی خواہشات کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ خوف کا بت شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے۔ فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا ، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قوم خاص طورپر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں اور انہیں تخریب کاری و تعمیر کی قوتوں، دہشت گردی ، احتجاج کے فرق کو سمجھانا ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے چوری کرنے والے شخص نے ملکی معیشت، کاروبار ، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا۔قومی اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو ان شا اللہ مضبوط کرتے ہوئے قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بحال ہوگی ، کاروبارپھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔