عمران خان کو 190ملین پاؤنڈ کا حساب دینا ہوگا،مفتاح اسماعیل

292

کراچی: سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کو 190ملین پاؤنڈ کا حساب دینا ہوگا۔ ماضی میں سب اس قانون کے تحت پکڑے گئے۔ اگر عمران خان کو اس قانون کے تحت پکڑلیا گیا تو کیا ملک جلا دیا جائے؟

انہوں نے کہا کہ مجھے بھی اس قانون کے تحت 50دن جیل میں رکھا گیا حالانکہ جنہوں نے پکڑا تھا وہ بھی جانتے تھے کہ میں بے قصور ہوں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو سلیم حبیب یونیورسٹی میں پاکستان کے مالیاتی بحران اور قبل از بجٹ کے موضوع پر منعقدہ سیریز میں میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیاسی درجہ حرارت میں کمی کے لیے کراچی کے کچھ اہم تاجروں کی عمران خان سے ملنے کی اطلاعات ہیں۔ سیاسی درجہ حرارت میں کمی کے لیے یہ ایک اچھا قدم ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بحیثیت وزیر خزانہ ان پر دکانداروں پر ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے پارٹی کی اعلی قیادت کی جانب سے دباؤ تھا لہذا وہ دکانداروں پر ٹیکس نافذ نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست اب دشمنیوں میں تبدیل ہوگئی ہے۔ بحران سے نکلنے کے لیے سیاست دانوں،عدلیہ، فوج اورحکومت میں رہنے والوں کو مل بیٹھ کر حل نکالنا چاہئیے۔ 9مئی کو عجیب نوعیت کے واقعات رونما ہوئے۔ آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ بڑے پیمانے میں صنعتوں کی نمو میں ہونے والی 25فیصد کی کمی سے ریونیو حجم میں کمی کی نشاندہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ کم سے کم 25ہزار کی اجرت کم ہے جسے نئے بجٹ میں مہنگائی کے تناسب بڑھانے کی ضرورت ہے، 90فیصد پاکستانی 75سال سے مہنگائی کی زد میں ہیں لیکن اب 10فیصد متوسط طبقہ اور 1فیصد ایلیٹ کلاس بھی مہنگائی کی زد میں آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام مزید بحران سے گزریں گے۔ معیشت کی سمت، طرز حکمرانی اور ترجیحات تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں حکومتوں کے درمیان صحت مند مسابقت کا ماحول متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کی خراب ترین طرز کی حکمرانی ہے۔ اس طرز حکمرانی میں ہم کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے۔