عمران خان کو ضمانتیں دی جا رہی ہیں تو چھوٹے مجرموں کا کیا قصور ہے؟ مصدق ملک

323

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان نے 190 ملین پائونڈ کی کرپشن کی ہے، قومی املاک اور حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والے کو ضمانتیں کیوں دی جا رہی ہے؟نظریہ ضرورت کے تحت عمران خان کو ضمانتیں دی جا رہی ہیں تو چھوٹے مجرموں کا کیا قصور ہے؟

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ جسٹس منیر، ذوالفقار علی بھٹو کیس اور میاں نواز شریف کے خلاف کیسز کی طرح نظریہ ضرورت کی تاریخ کو نہ دہرائیں، ریاست کی عملداری قائم نہ رہے تو غدر مچے گا اور اس سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا، دہشت گردی کے مسئلہ پر کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ  ملک میں گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں، روسی تیل کی درآمد سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی، 10 سے 14 ارب ڈالر کی لاگت سے نئی ریفائنری قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا ہمارا پورا پروگرام ایک ارب ڈالر کا ہے جبکہ عمران خان نے 190 ملین پائونڈ کی کرپشن کی ہے، برطانیہ میں اکنامک کرائمز ایکٹ کے تحت چوری کا پیسہ، کالا دھن اور ایسی آمدنی جس کا حساب نہ دیا جا سکے وہ اس حکومت کو واپس کر دی جاتی ہے جہاں سے یہ لائی گئی ہو، اسی قانون کے تحت بحریہ ٹائون کے ملک ریاض کے 190 ملین پائونڈ نیشنل کرائم ایجنسی نے پکڑ لئے اور یہ پیسہ پاکستان کے قومی خزانہ میں جمع ہونا چاہئے تھا لیکن ریاست مدینہ اور صادق و امین ہونے کے دعویدار نے یہ فیصلہ کیا کہ یہ پیسہ سرکاری خزانہ میں نہیں ملک ریاض کے اکائونٹ میں جمع کرایا جائے گا۔