عمران خان نے  9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کی، وفاقی وزیراطلاعات

777

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی عمران خان نے کی ،سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا،تینوں ریاستی  ستونوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کی جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ  مقدمات کے حوالے سے مانیٹرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے ،وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو،سول تنصیبات پر توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف سویلین قوانین کے تحت کارروائی ہوگی جبکہ فوجی تنصیبات  کے حوالے سے آرمی ایکٹ لاگوہے۔

انہوں نے کہاکہ  قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے واضح اعلامیہ میں کسی قسم کا ابہام باقی نہیں رہا ، 9 مئی قومی سانحہ تھا اور یوم سیاہ کے طور پر اعلان کیا گیا ہے ،  عمران خان کے دھمکی آمیز بیانات پر مبنی ویڈیو  میڈیا کو دکھا دی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن نے 75 سالہ تاریخ میں وہ کام کرنے کی جرات نہیں کی جو 9 مئی کے دن پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے کیا ہے،عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں اور پلانٹڈ لوگوں نے عسکری تنصیبات سمیت دیگر اہم عمارتوں پر حملے کئے، اسپتالوں اور سکولوں کو جلایا گیا، ایمبولینسوں سے مریضوں کو باہر نکال کر پھینکا گیا، ایدھی کی ایمبولینس جلائی گئی۔

انہوں نے مزید کہاکہ مٹھی بھر مسلح جتھوں نے عمران خان کے کہنے پر یہ کارروائی کی، زمان پارک میں بیٹھ کر عمران خان نے اس پورے عمل کی منصوبہ بندی کی،پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے پاکستان کے جھنڈے جلائے،جس پرچم کو ہم نیچے نہیں گرنے دیتے، اس پرچم کو نذر آتش کیا گیا، یہ کوئی سیاسی ردعمل نہیں، جلؤا گھیراؤ میں ملوث کسی شخص کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی،ریاست نے ان لوگوں کو بھی تحفظ دینا ہے جنہیں ایمبولینسوں سے باہر نکال کر پھینکا گیا،ریاست نے سکول کے بچوں کو بھی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سویلین املاک کو نقصان پہنچانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے ٹرائل ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں،  عسکری تنصیبات اور ریاستی املاک پر حملہ کرنے والوںکو عبرت کا نشانہ بنانا چاہئے، شرپسندوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، ریاست کی پروٹیکشن اور ریاست کی رٹ کو قائم کرنا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں،ریاست کے تین ستون پارلیمنٹ، ایگزیکٹوز اور عدلیہ ہیں۔