قوم کی توہین کرنیوالوں کو ہرصورت کٹہرے میں لایا جائیگا، آرمی چیف

700
attributes

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ یوم سیاہ 9 مئی پر قوم کی توہین کرنے والے تمام ذمے داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ، جنہوں نے قوم کے فخر، عزت و وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق  آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جُھومر ہیں، جن سے آخرت میں اعلیٰ مقام کا وعدہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی عوام کے دلوں میں شہدا کا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا۔ریاستِ پاکستان اور مسلح افواج تمام شہدا اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں اور مستقل طور پر ان کی عظیم قربانیوں کو انتہائی  عزت و  وقار کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ کسی کو بھی شہدا اور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔شہدا مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستان کے عوام کے لیے حوصلہ اور فخر کا باعث ہیں۔آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ حال ہی میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پیش آنے والے المناک واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔

آرمی چیف نے رینک اینڈ فائل کے سامنے اس عزّم کو ایک بار پھر دہرایا کہ یوم سیاہ 9 مئی پر قوم کی توہین کرنیوالے تمام ذمے داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنز کی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران، آرمی چیف نے فوج کی پیشہ ورانہ مہارت  ، اندرونی اور بیرونی چیلنجز بشمول پروپیگنڈا وار فئیر سے نمٹنے کے لیے ہر طرح کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔ آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر گوجرانوالہ کور نے اُن کا استقبال کیا۔