لاہور:تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی نے کہا ہے کہ فضل الرحمن اور مریم نواز سپریم کورٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر کے آئے تھے، چیف جسٹس کی دانشمندی نے حکومتی منصوبہ ناکام بنادیا،مئی کے واقعات کی شفاف انکوائری ہوئی تو حکومت کا خفیہ ہاتھ بے نقاب ہو جائے گا۔
پرویز الہی نے کہا کہ فضل الرحمن اور مریم نواز پر توہینِ عدالت لگائی جائے، نواز شریف کی خوشنودی کے لیے فضل الرحمن اپنے اکابر کی روایات فراموش کر چکے، موجودہ حالات کا واحد حل الیکشن ہیں، پنجاب میں بروقت الیکشن ہو جاتے تو حالات خطرناک حد تک نہ پہنچتے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان عوام کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور شہباز شریف آگ بھڑکا رہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت فوج اور عوام میں جنگ کرانا چاہتی ہے۔
سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ فوج کو ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے، شہباز شریف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پی ڈی ایم حکومت گن پوائنٹ پر سپریم کورٹ سے فیصلہ لینا چاہتی ہے۔