چاغی: بلوچستان کے سرحدی ضلع چاغی میں تارکین وطن کو لے جانے والی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی ، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور14 زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر تفتان ساگر کمار کے مطابق بلوچستان کے سرحدی ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں دو گاڑیوں میں خوفناک تصادم ہوا ، حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی ۔حادثے میں چھ افراد موقع پرجاں بحق جبکہ چودہ افرادزخمی ہوگئے ۔
ان کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی ،جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کا تعلق پاکستان اور افغانستان سے تھا ، جن میں سے دو افراد کی شناخت تہذیب اور صلاح الدین کے نام سے ہوئی ہے ۔
اے سی تفتان کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی ایک گاڑی تارکین وطن کو لے کر ایران کی جانب جارہی تھی مگر ریکوڈک اور نوکنڈی کےدرمیان پہاڑی علاقے میں مخالف سمت سے آنے والے گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی ۔