عمران خان کو گرفتار کر کے کوئی ہدف حاصل نہیں کرنا تھا،مریم اورنگزیب

678

اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے کوئی ہدف حاصل نہیں کرنا تھا، نیب نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا، ہمارا مقصد سیاسی انتقام لینا ہوتا تو 14 ماہ انتظار نہ کرتے۔

غیر ملکی  ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اس کی جماعت نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے جناح ہاوس کی تاریخی عمارت کو نشانہ بنایا، عسکری املاک اور تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ تشدد اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور پتھرا کیا گیا، جتھوں کی صورت میں کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں اپوزیشن کی مقبول لیڈر شپ کو جیلوں میں ڈالا، ایف آئی اے اور نیب کی تحقیقات میں عمران خان کو جواب دینا ہوگا، حکومت نے اپنے شہریوں کے خلاف کوئی طاقت کا استعمال نہیں کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ کو تاحیات ایکسٹینشن کی آفر عمران خان نے کی، توشہ خانہ سمیت تمام کیسز میں کرپشن کے ثبوت موجود ہیں، ملک کی بنیاد 3 ستونوں پر قائم ہوتی ہے، آپ سے ملکر خوشی ہوئی کے الفاظ عدالتوں میں کہے گئے، مسٹر خان نے ہی اپنی حکومت جانے کے بعد مختلف موقف اپنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ اور فرح گوگی سمیت کئی وزرا کرپشن میں ملوث رہے، انہوں نے اپنے دور میں شدید مہنگائی کے تحائف دیئے، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدے کر کے اس کی خلاف ورزی کی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملکی ساکھ دا پر لگائی، ہمیں تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی، انہوں نے معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، عمران خان چاہتے ہیں کہ انتخابات ان کی مرضی کے وقت ہوں، انتخابات اس وقت ہوں گے جب ہم اپنی آئینی مدت پوری کرلیں گے۔