لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شہری پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں کیونکہ اگر عدالتِ عظمی اور آئین کو تباہ و تاراج کردیا گیا تو تصورِ پاکستان ہی دم توڑ دے گا۔
پی ڈی ایم کے سپریم کورٹ کے سامنے دیئے جانے والے دھرنے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے ٹویٹر پر پی ڈی ایم کے کارکنان کی جانب سے ریڈ زون کا گیٹ پھلانگنے کی ویڈیو شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ چنانچہ اس امر کا سراغ لگائے بغیر کہ سرکاری عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے یا درجنوں غیرمسلح مظاہرین کی گولیاں لگنے سے اموات کا ذمہ دار کون تھا اور اس منصوبے کے تحت پاکستان کی سب سے بڑی اور واحد سیاسی جماعت پر پابندی عائد کر دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے تقریبا 7000 قائدین، کارکنان اور خواتین کو جیلوں میں ٹھونس دیا گیا ہے۔ اس دوران سیکورٹی ایجنسیز سپریم کورٹ پر قبضہ جمانے اور دستورِ مملکت کو پیروں تلے روندنے میں ان غنڈوں کی سہولت کاری میں مصروف ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام شہری پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں کیونکہ اگر عدالتِ عظمی اور آئین کو تباہ و تاراج کردیا گیا تو تصورِ پاکستان ہی دم توڑ دے گا۔علاوہ ازیں برطانوی اخبارکو انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے دوبارہ گرفتاری کا خدشہ ہے۔ان کا کہناتھا کہ ہم کسی کی پشت پناہی نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ غیر جانبدار رہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم صرف آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ انتخابات میں میرا سامنا نہیں کرسکتے۔