ججز کو لٹکانے اور دھرنے کی باتیں عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ ہے،شیخ رشید

254

راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنا ن لیگ کو وراثت میں ملا ہے،ججز کو لٹکانے اور دھرنے کی باتیں عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کے اجلاس میں پولیس کی عدم شرکت سول نافرمانی کی دلیل ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے انارکی اور خانہ جنگی سے بچایا ہے، فائنل رائونڈ شروع ہے، 2سے 4ہفتوں میں فیصلہ ہو جائے گا، الیکشن ہوں گے، آگ اور خون کی سیاست ختم ہو کر رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی حالات مخدوش اور بحران سنگین ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3400 روپے کا ہو گیا،کسی پارٹی کو بین کرنا آسان نہیں ہوگا۔ 

فوج کے حساس اداروں کی عمارتوں پر حملے کی غیر جانبدارتحقیقات کرائی جائیں، فوج عظیم ہے، ن لیگ کی فرمائشی، نمائشی اور دکھاوے کی ریلیوں کی محتاج نہیں۔