کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ہم نے کراچی، حیدرآبد میں دہشت گردوں کا سامنا کیا یہ عمران کیا چیز ہے۔
ہفتہ کی شام کراچی کے علاقے ٹاور پر شکریہ کراچی کے نام سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں ابھی صرف ٹریلر دکھایا ہے، دہشت گردوں کو پورے ملک سے فارغ کریں گے، ہم انتخابات سے نہیں ڈرتے، مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے، جب بھی الیکشن ہوں گے، جیالے اس کے لئے تیار ہونگے۔
بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ جب آصف زرداری پر ظلم ہوا تو ایسے چیف جسٹس کہاں تھے، جیل کے خوف انہوں نے پورے ملک کو جلایا، کپتان ایک رات بھی گیسٹ ہاؤس میں برداشت نہیں کرسکا، بالٹی والے لیڈرنے اپنی ذات کی خاطر پاکستا ن کو نقصان پہنچایا، عمران خان نے جیل کے خوف سے اداروں پر حملہ کیا ،جب وہ پاکستان کو جلارہا تھا تو ہم دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کررہے تھے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے ٹینکرز اور ریڈ بس نے عمران خان کا کیا بگاڑاتھا کہ انہیں جلادیاگیا، ہم نے کراچی حیدرآباد میں بانی ایم کیوایم کا مقابلہ کیا، یہ عمران کیا چیز ہے۔ یہ خود کو بہادر کہتا ہے مگر بالٹی پہنے بغیر گھر سے نہیں نکلتا۔
ان کا کہناتھا کہ ہم نے بھارتی سرزمین پرپاکستان کامقدمہ لڑا،پی ٹی آئی کارکنان سے کہتا ہوں کہ سیاست کرنا چاہتے ہوتو دہشت گردوں کاساتھ نہ دو، ہم دہشت گردوں سے کیسے بات کریں گے۔
بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی نے پی ٹی آئی کو خداحافظ کہہ دیاہے اب پورےملک سے بھی ان سیاسی دہشت گردوں کو فارغ کریں گے، ہم نے سندھ سےآمریت کی باقیات کو ختم کردیا، پی پی نےثابت کردیا کہ وہ الیکشن لڑنااورجیتناجانتی ہے،ہم الیکشن سےنہیں بھاگتے،پی پی ہروقت الیکشن کے لئے تیارہے۔