کراچی:جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عید الاضحٰی کے بعد اگست کے شروع میں الیکشن پر اتفاق کرلینا چاہیئے ،ایران اور سعودی عرب قریب آرہے ہیں ،سیاسی انتہاؤں کو چھوڑ کر سب کو پیچھے ہٹنا ہوگا۔
سراج الحق نے کہاکہ ملک اس وقت بدترین بحران سے دوچار ہے ،اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ہی ہے ،جماعت اسلامی سیاست میں تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف ہے ،ہم جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کے لیے تباہ کن سمجھتے ہیں ،پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست نے پوری دنیا میں ملک کو تماشہ بنادیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئینی ادارے آپس میں آمنے سامنے ہیں ،جس کا سو فیصد نقصان ملک اور عوام کو ہو رہا ہے ،قومی املاک کی بربادی پر ہر پاکستانی فکر مند ہے ،ہمیں ایک مہذب قوم بننے کے لیے قانونی کی حکمرانی پر اتفاق کرنا ہوگا ، سیاست میں عدم برداشت ، سیاست کے خاتمے کا باعث بنتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ ملک کے ہر شہری کے ساتھ قانون کے مطابق پیش آیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کی سب سے بڑی ضرورت اورموجودہ دلدل سے نکلنے کاواحد راستہ یہ ہے کہ الیکشن ہوں اور ایک دن میں ہوں اور اس کے لیے نگراں حکومت قائم کی جائے اور اگست کے پہلے ہفتے میں عید الاضحی کے بعد الیکشن پر اتفاق کرلینا چاہیئے اور اس پر تمام اسٹیک ہولڈرز اتفاق رائے کریں۔
سراج الحق نے کہاکہ ہم نے اس ایجنڈے پر پہلے بھی تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں اور مذاکرات کیے اور سپریم کورٹ میں بھی بات کی کہ کوئی باہر سے ہمیں سنبھالنے نہیں آئے گا ،ایران اور سعودی عرب قریب آرہے ہیں ،ہمیں بھی سیاسی انتہاؤں کو چھوڑ کر پیچھے ہٹنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی قسم کے تشد د کی حمایت نہیں کرتے ، جلسے جلوس عوام کا حق ہے ،پنجاب اور کے پی کے دونوں صوبوں میں نگراں حکومت ہے اور یہ غور طلب سوال ہے کہ پرتشدد کاروائیوں کو کیوں نہیں روکا گیا ؟