چیف جسٹس ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، مریم صفدر

278

لاہور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم صفدر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ آپ اپنی کرسی کو عمران کی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو اب سیاسی رد عمل کے لیے تیار رہیں، چیف جسٹس صاحب! آپ اب عدلیہ ہی نہیں ، آئین و قانون نظام انصاف اور ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔

مریم صفدر نے کہاکہ چیف جسٹس ہونے کا مطلب ریاست کو اس شخص کی غلامی میں دینا نہیں جس نے اپنے پالتو غنڈوں کے ذریعے قومی وقار اور ملکی دفاع کی ہر علامت کو جلا کر راکھ کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے شخص کو کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکنا ، اسے شاہی مہمان بنا کر رکھنا ، اس کے نخرے اٹھانا ہر پاکستانی کے علاوہ ان شہیدوں اور غازیوں کی توہین ہے جن کی ہر نشانی پر حملہ کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ملکی تقدیر سے کھیلنے والے ایک دہشتگرد کے سہولت کار بننے کے بعد آپ اپنا وقار کھو چکے ہیں، آپ اپنی کرسی کو عمران کی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو اب سیاسی رد عمل کے لیے تیار رہیں۔