بھارت کی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو ہم بھی کھیلنے کیلیے وہاں نہیں جا سکتے، نجم سیٹھی

612

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے پیغام پہنچایا ہے کہ اگر ہندوستان کی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پاکستان بھی ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جاسکتا۔

بھارتی میڈیا پر دو ٹوک موقف دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کہا کہ ایشیاکپ کیلئے بھارت کو پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش سمیت ہائبرڈ ماڈل بھی پیش کیا لیکن بی سی سی آئی بضد ہے کہ ہم نہیں مان رہے، اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی شامل کرلیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیاکپ کیلئے جو ہائبرڈ ماڈل ہوگا وہی ورلڈکپ کیلئے بھی ہوگا کیونکہ ہماری حکومت ہمیں بھارت میں جاکر کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی، جس طرح بھارتی ٹیم کو پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں، اسی طرح پاکستان کو انڈیا میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایشیاکپ کیلئے بھارت ہائبرڈ ماڈل پر مان جاتا ہے تو ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز بنگلہ دیش یا جہاں بی سی سی آئی اور آئی سی سی سمجھتے ہیں وہاں کھیلنے کو تیار ہوجائے گا لیکن بھارت میں کھیلنا مشکل ہے، نجم سیٹھی نے ورلڈکپ 2023میں پاک بھارت میچ کیلئے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں میچ کروانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک بھارت میچ اگر چنئی یا کولکتہ میں ہوتا تو بھی سمجھ میں آتا، احمد آباد میں کون سیاسی طور پر حکومت کرتا ہے سب جانتے ہیں،گزشتہ دنوں میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی)نے پاک بھارت ورلڈکپ مقابلے کیلئے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے۔