اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک اوردرخواست دائر کردی گئی۔درخواست میں عمران خان کی رہائی اور ان کی گرفتاری کے معاملہ کی تحقیقات کرانے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ۔
سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست ایڈووکیٹ محبوب اسلم گجر کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست آئین کے آرٹیکل 184-3کے تحت دائر کی گئی۔درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت دفاع اور قومی احتساب بیورو (نیب)کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کو جھوٹے مقدمہ میں درج کیاگیا ہے اس لئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان تفتیشی اداروں کے ساتھ نہ صرف تعاون کررہے تھے بلکہ ہر مقدمہ میں اپنی ضمانت بھی کروارہے تھے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم دیا جائے، گرفتاریاں اختیارات کا ناجائز استعمال ہے، ایسی گرفتاریاں سیاسی انتقام اور امتیازی عمل ہے۔
ایڈووکیٹ محبوب اسلم گجر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عمران خان کی رہائی اور گرفتاری کی تحقیقات کا حکم دینے کی استدعا کی گئی۔