عمران خان کو ریلیف ملے گا تو یہ ملک صرف جلے گا،  وفاقی وزیر اطلاعات

492
without

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر 25 مئی کو اس دہشت گرد کو سزا مل جاتی تو آج میرا ملک جل نہ رہا ہوتا، عمران خان نے ان مسلح جتھوں کو لانچ کیا، جنہوں نے پورے ملک میں عوامی اور سرکاری املاک کو آگ لگائی،اگر اس کو ریلیف ملے گا تو یہ ملک صرف جلے گا اور کچھ نہیں ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے  تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے سپریم کورٹ میں سماعت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب عدالتیں مجرموں، دہشت گردوں اور مسلح جتھوں کی پناہ گاہیں بنا دی جائیں تو مجرم عدالت کے احاطے سے ہی گرفتار ہوگا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک کا ایک مجرم جس نے قومی خزانے سے 60 ارب کی چوری کی ہے، اس پر الزام ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق قانونی طریقے سے نیب نے اس کو گرفتار کیا ہے، اس کے بعد احتساب کی عدالت نے بھی قانونی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ نیب کا عدالتی جسمانی ریمانڈ پر 48 گھنٹے کے اندر ایک مجرم، ایک دہشت گرد، مسلح جتھوں کے گینگسٹر کو ریلیف دینے کا سپریم کورٹ کا حکم  یہ تاثر دے رہا ہے کہ عدالت ایک دہشت گرد کی پشت پناہی کررہی ہے۔

وزیراطلاعات نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ آپ نے وہ فوٹیجز دیکھی ہوں گی چیف جسٹس صاحب، جس میں لوگوں کے گھر جل رہے ہیں، ایمبولینسز، اسپتال، ریڈیو پاکستان جل رہا ہے، تو پھر بتائیں کل کو ججوں کے گھروں میں گھس کر کوئی شخص آگ لگائے گا، میں پیش گوئی کر رہی ایسا بھی  ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ سب نے سنا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کس طرح کشیدگی کو ہوا دی اور پی ٹی آئی کی قیادت نے عمران خان کے حکم پر حملہ آور ہونے کے احکامات جاری کیے اور نگرانی کی جا رہی تھی کہ جن 2 سے 6 جگہوں پر ان جتھوں کو پہنچایا گیا تھا وہاں سے کس طرح کا ردعمل آرہا ہے، کتنے لوگ پہنچے ہیں اور کس طرح حملہ کرنا ہے، وہ سب ان آڈیوز میں سنی گئیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر عدالت نے عمران خان کو ‘لائسنس-ٹو-کل’ دیا تو بائیس کروڑ عوام کو ‘لائسنس-ٹو-کل’ دینا پڑے گا۔