لاہور: پاکستان کی جانب سے 198 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا ہے، جنہیں کل واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی ماہی گیروں کو ملیر جیل سے رہا کیا گیا ہے، جنہیں بذریعہ ٹرین کراچی سے لاہور روانہ کیا جا چکا ہے اور جمعہ کو انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
بھارتی سفارتخانے کی جانب سے ماہی گیروں کو عارضی سفری دستاویزات مہیا کی گئی ہیں، اس سلسلے میں امیگریشن کارروائی کے بعد بھارتی ماہی گیروں کو حوالے کیا جائے گا۔پاکستان نے 200 ماہی گیروں کو رہا کرنا تھا جن میں ایک سویلین بھی شامل تھا تاہم ایدھی حکام کے مطابق سویلین بھارتی قیدی ذوالفقار اور ایک ماہی گیر کی بیماری کے باعث اموات ہوگئی ہیں۔ دونوں بھارتی شہریوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کی جائیں گی۔