آئین کی گولڈن جوبلی منانے والوں کے سامنے آئین ہاتھ جوڑکرکھڑا ہے ،شیخ رشید

541

اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئین کی گولڈن جوبلی منانے والوں کے سامنے آئین ہاتھ جوڑکرکھڑا ہے، پارلیمانی ریکارڈ عدالت جمع نہیں کرایا جائیگا بلکہ سازش کے تحت حالات خراب کئے جائینگے۔ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے منگل کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 13پارٹیوں نے13مہینوں میں170ارب روپے کے غریب پرٹیکس لگائے،50فیصدمہنگائی کی اورآئی ایم ایف سے بھی کچھ نہیں ملا،17مئی کے آئی ایم ایف کے ایجنڈے میں پاکستان کوجھنڈی ہے ،زرمبادلہ کے ذخائر اور امپورٹ کم ہورہی ہے کاروبارتباہ ہے ،وزرا ء غیر ملکی دوروں پرہیں آئین کی گولڈن جوبلی منانے والوں کے سامنے آئین ہاتھ جوڑکرکھڑا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پی اے سی میں ججوں کی انکوائری اور ججوں کو تختہ دار میں لٹکانے کی دھمکی عدلیہ سے کھلی جنگ کے مترادف ہے خود تو عوام میں تنہا ہوئے پاکستان کو بھی دنیا میں تنہا کر دیا ہے۔یہ پارلیمانی ریکارڈ بھی جمع نہیں کرائیں گے بلکہ سازش کے تحت حالات خراب کرائیں گے تاکہ گھر جانے میں آسانی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کب تک صبروتحمل کامظاہرہ کرے گی بالآخرآئین کو نافذالعمل کرنا پڑے گا نہ یہ ریکارڈجمع کرائیں گے نہ پیسے دیں گے نہ الیکشن کرائیں گے عدلیہ کوآئینی فیصلے پرمجبور کرائیں گے جو وزیراعظم برطانیہ کی تاج پوشی میں مصروف ہو اسے آٹے کے قحط کی کیا فکر۔ حکومت عوام میں نفرت کا نشان بن چکی ہے۔