لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی نے شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت پوری قوم کے مقبول ترین لیڈر ہیں، ان کی گرفتاری نوازشریف اور شہبازشریف اور ان کے پٹھو رانا ثناء اللہ کی ہدایات کے بغیر نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جولوگ یہ سب کچھ کر رہے ہیں ان کو سمجھ لینا چاہئے کہ اب قوم عمران خان کے ساتھ ہے، نوجوان، خواتین، طلبا و طالبات، سول سوسائٹی اور تمام محب وطن پاکستانی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے والوں کا سیاسی مستقبل خراب ہو جائے گا اور ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عمران خان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا، عمران خان کا پیغام ہے کہ تمام لوگ پرامن احتجاج کریں، عمران خان عدالت میں ضمانت کیلئے پیش ہو چکے تھے ان کو گرفتار کرنا قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب ہی نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اورانشاء اللہ کھڑے رہیں گے، ثابت ہوگیا ہے کہ ملک فسطائیت کا شکار ہو چکا اور یہاں پر آئین و قانون کی عمل داری نہیں ہے، عمران خان کے ہمراہ وکیلوں کو بری طرح مارا پیٹا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب پر حملہ ہوا ہے ان کا یہ حق بنتا ہے کہ وہ جس کو ایف آئی آر میں نامزد کریں اس کا نام شامل ہونا چاہئے، عدلیہ پر بڑی بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے، اب عدلیہ کا امتحان ہے، وکلا کا امتحان ہے، اب کالا کوٹ انقلاب لے کر آئے گا۔