کراچی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے سابق وزیر اعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں ، عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شارع فیصل پر احتجاج کیا۔
اس موقع پر نامعلوم شرپسندوں نے واٹر بورڈ کے 2 ٹرکوں ، جیل کے ٹرک ، رینجرز اور ٹریفک پولیس کی چوکی کو نذر آتش کر دیا جبکہ پیپلز بس سروس کی ایک بس پر بھی پتھراؤ کر کے اسے نقصان پہنچایا اور ٹائروں سے ہوا نکال دی ۔
نرسری کے قریب شارع فیصل کے دونوں ٹریک میدان جنگ بنے رہے اور اس دوران پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج ، آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا گیا تاہم پولیس صورتحال پر قابو پانے میں بری طرح سے ناکام رہی ۔ہنگامہ آرائی کے دوران لاٹھی ، ڈنڈے اور پتھر لگنے سے ایک درجن کے قریب پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لے لیا ۔
عمران کی گرفتاری کے خلاف جہاں ملک کے دیگر شہروں میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں ، عہدیداروں اور کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی وہیں پر کراچی کے علاقے شارع فیصل نرسری کے قریب بھی پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا ، اس موقع پر مشتعل افراد کی جانب سے شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند کردیے گئے جس کی وجہ سے ائرپورٹ جانے اور آنے والے دونوں سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگنے سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب گاڑیوں پر پتھراؤ اور ڈنڈے بھی برسائے ، ہنگامہ آرائی کے دوران شارع فیصل پر نرسری کے قریب سیوریج لائنوں کی درستگی میں استعمال کیے جانے والے واٹر بورڈ کے 2 ٹرکوں ، قیدیوں کو لے جانے والے ٹرک ، نرسری کے قریب رینجرز اور ٹریفک پولیس چوکی کو بھی نذر آتش کر دیا جبکہ ریڈ لائن بس پر بھی پتھراؤ کر کے اس کے شیشے چکنا چور کر دیے اور بس کے ٹائروں سے ہوا بھی نکال دی ۔
ہنگامہ آرائی کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے سڑکوں پر رکاوٹیں اور ٹائروں نذر آتش کر کے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے لگائے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ اور لاٹھی و ڈنڈوں کے وار سے پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا ، احتجاج کے دوران بدترین ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس کے ناقص اقدامات کی وجہ سے شارع فیصل میدان جنگ بن گیا اور عام شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا ۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج ، شیلنگ اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا ، مظاہرین صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شارع فیصل نرسری سے ایف ٹی سی بلڈنگ تک پہنچ گئے جس پر پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی۔