اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی جب کہ سوشل میڈیا کے کچھ پلیٹ فارمز بھی ڈاؤن ہوگئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں جاری ہنگاموں کے بعد پنجاب میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جب کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔ علاوہ ازیں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے اور لاہور میں حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں انٹرنیٹ سروس تاحکم ثانی مکمل بند کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے دیگر شہریوں میں بھی انٹرنیٹ صارفین فیس بک، ٹویٹر اور یوٹیوب تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، اس حوالے سے متعدد صارفین نے بھی اس حوالے سے شکایات کی ہیں۔
انٹرنیٹ سروس پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں صارفین نے ٹویٹر تک رسائی نہ ہونے کے حوالے سے شکایات درج کرائی ہیں، گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران صارفین کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں یوٹیوب، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا اپیلیکشنز تک رسائی میں بھی صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔