اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماشاہ محمود قریشی ودیگر نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری قابل قبول نہیں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، بھونڈے انداز میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا، عمران خان نے اسلام آباد روانگی سے قبل کہا تھا وارنٹ دکھائیں، گرفتاری دے دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت میں بائیو میٹرک کرارہے تھے، ان کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز نے عدالت میں آکر حملہ کیا، عدالت کے شیشے توڑے گئے اور تشدد کیا گیا، عمران خان کے گارڈز پر حملہ کیا گیا، اس تشدد کا کوئی جواز نہیں بنتا، پی ٹی آئی رہنمائوں سے رابطے میں ہوں۔عمران خان کی گرفتاری لندن پلان کا منصوبہ ہے، ان کی گرفتاری پر کارکنوں میں بے چینی ہے، عمران خان کی گرفتاری پر بھرپور ردعمل دیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری قابل قبول نہیں ہے،
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ احاطہ عدالت میں غنڈہ گردی کا کوئی جواز نہیں تھا، سابق وزیراعظم کو فوری عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے۔