افغان حکومت سی پیک منصوبے کا حصہ بننے پر آمادہ

449
سی پیک کے تحت تھر بجلی گھر سے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کا فروغ

کابل: چین کے سی پیک منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے پر طالبان نے اتفاق کرتے ہوئے چین اور پاکستان کے ساتھ سہ فریقی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے وزیر خارجہ کن گینگ نے 6 مئی کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ بات چیت کی۔

تینوں ممالک نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی افغانستان تک توسیع پر اتفاق کیا اور ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کا عہد کیا۔

اس موقع پر چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک کے وزراء نے تعلقات کو برقرار رکھنے، سیاسی اعتماد کو گہرا کرنے، ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنے اور مساوی مشاورت کے ذریعے تنازعات سے نمٹنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت نے مزید کہا کہ وہ افغانستان کے خلاف غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں اور اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کرتے ہیں۔ افغانستان اور پاکستان دونوں نے اپنے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے سیاست، سلامتی اور معیشت میں چین کے ساتھ سہ فریقی تعلقات کو فروغ دینے کا عہد کیا ہے۔