لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی طر ح صوبائی دارالحکومت شہر لاہور میں بھی امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ کی کال پر کمرتوڑ مہنگائی اور حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
احتجاجی مظاہرؤں کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امرالعظیم، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ سمیت دیگر رہنما کررہے تھے، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینزر اٹھائے ہوئے تھے، جن پر مختلف نعرے اور مطالبہ درج تھے ، جو درج ذیل ہیں، حکمران عیاشی ختم کرکے غریبوں کو سہولیات دیں، عدالتی نظام کو بہتر کیا جائےجیسے نعرے درج تھے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ اور خالد احمد بٹ نے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو لوٹ مار سے فرصت نہیں جبکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔ حکومت کی نا اہلی ونا تجربہ کا ری کے باعث روز مرہ کی اشیاء ضروریہ ہرگزارتے دن کیساتھ غریب عوام کی دسترس سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ غریب عوام کو منا فع خوروں کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا گیاہے جو دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں، مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، ملک کے عوام مہنگائی کے چنگل میں بری طرح پھنس چکے ہیں جس کی وجہ حکومتی نااہلی ہے کیوں کہ حکومت کی توجہ عوامی مسائل کی بجائے مفادات کی سیاست اوراقتدار کی کرسی پر ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی غلامی میں ملک کے غریبوں کا جینا اور مرنا مشکل ہوگیا ہے، حکومت کو لوٹ مار سے فرصت نہیں، مہنگائی کا عفریت عوام کو نگلنے کے درپے ہے۔ملک اور بیرون ممالک اربوں، کھربوں کے اثاثے رکھنے والے سیاستدان اور حکمران غریب عوام کی حالت زار سے بے خبر ہیں۔