آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال

330

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اتوار کے روز کہا کہ وہ سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کے لیے پرعزم ہیں اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات اور سی پیک منصوبے کی مکمل حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کی حمایت پر چین کے کردار کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی تزویراتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ چینی وزیر خارجہ نے سی پیک منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

چینی وزیر خارجہ نے چینی عوام کی سلامتی کے لیے سی پیک منصوبوں میں مسلح افواج کے کردار کو بھی سراہا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔