لاہور: اعلیٰ عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشیدگی کے درمیان سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے اظہار یکجہتی کے لیےتحریک انصاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے۔
حکومت اور عدلیہ کے درمیان جاری کشمکش کے پیش نظر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے قوم سے اپیل کی تھی کہ وہ آج اپنے گھروں سے باہر نکلیں تاکہ حکمران اتحاد، ان کے ’ہینڈلرز‘ اور ریاست کے اداروں کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ آئین کی خلاف ورزی اور 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کوئی برداشت نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: دفعہ 144کی خلاف ورزی، 4خواتین سمیت تحریک انصاف کے7 کارکنان گرفتار
چیئرمین پی ٹی آئی نے آج اپنے ایک اور پیغام میں لوگوں سے شام 5 بج کر 30 سےشام 6 بج کر 30 تک آئین اور چیف جسٹس پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا مطالبہ کیا۔
عمران خان نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے ریلی کے لیے نکلتے ہوئے ایک بار پھر عوام سے ایک گھنٹے کے لیے آئین، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کی حمایت کے لیے باہر آنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آئین ختم ہو جاتا ہے، اگر حکومت سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کرتی ہے جس کا حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ وہ اس پر عمل نہیں کرے گی تو اس کا مطلب ہے کہ آئین ختم ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ایسا ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ملک کا مستقبل ختم ہو گیا ہے، جب قانون ختم ہو گیا اور جنگل کا قانون آ گیا،جس کا مطلب ہے کہ ملک یا آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔