عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

459

 لاہور :ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 121 مقدمات کی کارروائی روکنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ 8 مئی کو درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کی کازلسٹ جاری کر دی ہے، بنچ کے دیگر اراکین میں جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس انوار الحق پنوں اور جسٹس امجد رفیق شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 121 مقدمات کو خارج کروانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے،دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنٹ ڈویڑن، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ مجھ پر 121ایف آئی آر درج کی گئیں، مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کئے گئے ہیں، تحریک انصاف کے سپورٹرز کو نظربند اور گرفتار کیا جا رہا ہے، نگران صوبائی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیاں کی گئی ہیں۔

عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ درخواست کے فیصلے تک تمام مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے، پہلے سے درج مقدمات میں تادیبی کارروائی سے روکا جائے، عدالت بغیر نوٹس فوجداری کارروائی کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرے۔