میٹرک بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات کا آغاز 8 مئی سے ہوگا

422

کراچی:میٹرک بورڈ کراچی کے تحت نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز پیر 8 مئی 2023 سے ہوگا جس میں تقریبا 3 لاکھ 93 ہزار امیدوار شریک ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے جمعہ کے روز بورڈ کے کانفرنس ہال میں امتحانات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس پہلی مرتبہ نہم و دہم جماعت کے لئے بورڈ کی طرف سے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  مجموعی طور پر 4 لاکھ طلبہ و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے جبکہ بورڈ نے 524 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں جن میں سرکاری اسکول اور نجی اسکول بھی شامل ہیں۔

چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ کراچی کے 18 مختلف ٹاؤنز میں خصوصی مرکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر بورڈ کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے۔

انہوں نے ناظم امتحانات اور دیگر افسران ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام امتحانی مراکز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ امتحانات کے دوران امتحانی سینٹر کے باہر ہدایات آویزاں کریں کہ کسی بھی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا کسی بھی قسم کے نقل کا موادہر گز اپنے ساتھ نہ لائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے فول پروف انتظامات کے حوالے سے کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی، ڈائریکٹر ایجوکیشن کراچی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سندھ اور دیگر محکموں کو لیٹرز جاری کر دیئے ہیں۔

چیئرمین بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بورڈ سے لیٹر جاری کئے جا ر ہے ہیں جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہوگی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں اور طلبا وطالبات کی سہولت کے لئے بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر سینٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہیں، امتحانات کی نگرانی کے لئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا جہاں نقل کی روک تھام کے لئے بورڈ کی خصوصی ٹیمیں رپورٹ کے حوالے سے اقدامات کریں گی۔

چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لئے ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پہنچائیں گے جہاں سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ مہر بند پرچے وصول کر کے اپنے امتحانی مرکز پہنچائیں گے اور جوابی کاپیاں اسکول سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ بورڈ میں جلد از جلد پہنچائیں گے۔ ویجلینس آفیسر ہر امتحانی مرکز پر روزانہ کی بنیاد پر وقت امتحان سے آدھے گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پر پہنچے گا اور دوران امتحان پورا وقت وہاں پر رہ کر نقل کی روک تھام کے لئے اقدامات اور نگرانی کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کے لئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے، سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کے لئے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

 چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ نے (کے الیکٹرک)انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی ہے تاکہ بچے اچھے ماحول امتحانات دے سکیں۔