کراچی،اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ میرا شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کی کونسل کے بھارتی شہرگوامیںہونے والے اجلاس میں شرکت کرنا یہ پیغام بھیجنا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو کتنی اہمیت دیتا ہے اوراپنی ایس سی اوکی رکنیت کوکتناوزن دیتا ہے۔
جمعرات کے روز بھارت روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خاجہ کی کونسل کے بھارتی شہر گوا میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لئے جارہاہوں جہاں میں پاکستانی وفد کی قیادت کروں گا۔ میں ایس سی اوتنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کا منتظر ہوں۔ میرا اجلاس میں شرکت کا فیصلہ پاکستان کے ایس سی اوچارٹر کے ساتھ مضبوط عزم کااظہار ہے۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ میرا دورہ جو کہ مکمل طور پر ایس سی او پر مرکوز ہے اور میں اس دورے میں دوست ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ تعمیری بات چیت کا منتظر ہوں۔
واضح رہے کہ12سال بعد بلاول بھٹو زراری بطور وزیر خارجہ بھارت کا دورہ کررہے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری کراچی سے خصوصی طیارے کے ذریعے بھارت روانہ ہوئے ہیں۔سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اور ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ سمیت دیگر حکام بھی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ گواروانہ ہوئے ہیں ۔