کرناٹک: بھارت میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے درخت میں چھپائے گئے ایک کروڑ روپے برآمد کرکے سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی بانی جماعت کانگریس کے مقامی رہنما کے بھائی کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کارروائی کی گئی اور اس دوران اہل کاروں نے درخت میں چھپائے گئے ایک کروڑ روپے برآمد کرلیے۔
بتایا گیا ہے کہ ریاست میں رواں ماہ انتخابات ہونے والے ہیں اور اس سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، اسی دوران غیر متوقع طور پر محکمہ انکم ٹیکس نے کانگریس رہنما کے بھائی کے گھر پر چھاپا مار کر چھپائی گئی خطیر رقم برآمد کرلی۔
محکمے کے حکام اور اہل کاروں نے میسور شہر سے انتخابی میدان میں اترنے والے کانگریس رہنما اشوک کمار کے بھائی سبرامنیا رائے کے گھر پر چھاپا مارا اور پورے گھر کی تلاشی لی۔ اس دوران انکم ٹیکس اہلکاروں کو گھر میں لگے آم کے درخت کے تنے میں چھپائے گئے ڈبے سے ایک کروڑ روپے ملے۔
دوسری جانب کانگریس رہنما نے اس چھاپے کو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے چند روز قبل کی گئی اس کارروائی کا مقصد انہیں الیکشن میں شکست دلوانا ہے۔