اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور اینڈریو شوفر نے اسحاق ڈار سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پرتپاک استقبال کیا۔اینڈریو شوفر نے پاکستان اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دو طرفہ کامیاب تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے انہیں ملکی معیشت سے آگاہ کیا اور ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے معیشت کو مستحکم کرنے اور پھر پائیدار اور جامع ترقی کو یقینی بناتے ہوئے معیشت کو بلند سطح پر لے جانے کے مقصد کے ساتھ حکومت کی طرف سے حال ہی میں لئے گئے مشکل پالیسی فیصلوں کے بارے میں مزید بتایا۔
وزیر خزانہ نے امریکی ناظم الامور کو آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت اس پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اینڈریو شوفر نے ملک کے معاشی استحکام کے لیے حکومت پاکستان کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکی ناظم الامور کا شکریہ ادا کیا اور امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی حکومت کی خواہش کا اعادہ کیا۔