کروڑوں روپے مالیت کی چینی اور یوریا افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

430
smuggling of sugar

اسلام آباد: ایف بی آر کے ماتحت ادارے ڈائریکٹریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی ٹیم نے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے حکام کے ساتھ مل کر پاکستان سے کروڑوں روپے مالیت کی چینی اور یوریا افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

کسٹمز ڈپارٹمنٹ نے 5 گوداموں پر چھاپے مار کر چینی اور یوریا کی 86 ہزار 840 بوریاں قبضے میں لے کر گودام سیل کردیے اور پکڑی جانے والی یوریا اور چینی مقامی پولیس کے حوالے کردی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق موصول ہونے والی اطلاع پر چھان بین کے بعد افغانستان اسمگل کرنے کے لیے بلوچستان کے علاقے خضدار کے گرد و جوار اور گڈانی و نوشکی کوئٹہ میں قائم 5 گوداموں پر چھاپے مارکر گوداموں میں ذخیرہ کی گئی 39کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چینی اور یوریا کی ہزاروں بوریاں قبضے میں لے لی ہیں جب کہ گودام سیل کرکے ضبط کی جانیوالی چینی اور یوریا کی بوریاں سپرداری کے تحت مقامی پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت کریک ڈاون جاری ہے اور سرحدی علاقوں میں نگرانی بھی سخت کردی گئی ہے۔