ملک سے اسمگلنگ کے ناسور کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، وزیر اعظم

480
tendencies

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے اسمگلنگ کے ناسور کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،چند کالی بھیڑوں کو ملک کے زرِ مبادلہ اور پاکستانیوں کے حق پر ہر گز ڈاکہ ڈالنے نہیں دوں گا۔

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ملک سے گندم، یوریا اور چینی کی سمگلنگ کی روک تھام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے شہباز شریف کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی۔

اجلاس کو ملک کے سرحدی اضلاع اور صوبائی سرحدوں پر جاری انسدادِ سمگلنگ کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹوں کی تعداد کو بڑھا کر 10کر دیا گیا ہے جبکہ جوائنٹ پٹرولنگ کے حوالہ سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خضدار سے 6 ہزار ٹن سے زیادہ اسمگلنگ کی اشیا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی تحویل میں لی ہیں،صرف گزشتہ ہفتے میں ہی آپریشن کے دوران ضبط کی جانے والی اشیا کی مقدار 4342 ٹن ہے جو ٹرکوں کے قافلوں اور گوداموں میں اسمگلنگ کی نیت سے موجود تھی۔

شہباز شریف نے کہاکہ  وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ فوری طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا دورہ کریں اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متعلقہ افسران کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کریں، اسمگلنگ میں ملوث یا اس کی روک تھام میں سستی برتنے والے افسران کو برطرف کرکے محکمانہ کارروائی کی جائے۔