اسلام آباد:قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبد الاکبر چترالی نے جی ۔ 20 اجلاس میں چین کی جانب سے شرکت نہ کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے چینی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مولانا عبدالکبر چترالی نے وزارت خارجہ سے سری نگر میں ہونے والے جی ۔ 20 اجلاس کے بارے میں پاکستانی پوزیشن سے متعلق وضاحت طلب کر لی ۔ وزیر خارجہ کو اس اجلاس کے حوالے سے بھارت کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون نہیں کرنا چاہیے ۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے واضح کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر پر اپنے دوٹوک موقف پر قائم ہے، بلاول زرداری کے حوالے سے جی ۔ 20 نہیں بلکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے حوالے سے خبریں سامنے آئی ہیں ۔
جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبد الاکبر چترالی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ مجھے سری نگر میں جی ۔ 20 کے طلب کئے گئے اجلاس کے خلاف قرار داد پیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ چین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیتے ہوئے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے ۔ پاکستان کو بھی اسی قسم کا سخت موقف اختیار کرنا چاہیے ۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وزیر خارجہ اجلاس کے لیے جا رہے ہیں اور اگر اس اجلاس پاکستان کی نمائندگی ہوتی ہے یہ کشمیر پر بھارتی قبضے سے متعلق اقدامات کی تائید کے مترادف ہو گا ۔ وزیر خارجہ یا کسی بھی نمائندہ کو نہیں جانا چاہیے ۔